مائیک ہیسن پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مقرر

اسلام آباد (رپورٹ:محمد عبداللہ شہزاد) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے معروف نیوزی لینڈ کوچ مائیک ہیسن کو قومی کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ برائے وائٹ بال (ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ) مقرر کر دیا ہے۔ وہ 26 مئی 2025 سے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھالیں گے، جو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اختتام کے فوراً بعد ہوگا۔

مائیک ہیسن ایک تجربہ کار کوچ ہیں جنہوں نے 2012 سے 2018 تک نیوزی لینڈ ٹیم کی کوچنگ کی اور 2015 کے ورلڈ کپ میں ٹیم کو فائنل تک پہنچایا۔ وہ کینیا کی قومی ٹیم کے علاوہ آئی پی ایل ٹیم رائل چیلنجرز بینگلور کے بھی کوچ رہ چکے ہیں۔ حالیہ دنوں میں وہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ تھے اور ان کی قیادت میں ٹیم نے 2024 کا پی ایس ایل ٹائٹل اپنے نام کیا۔

پچھلے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے اکتوبر 2024 میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا جس کے بعد عاقب جاوید کو عارضی کوچ مقرر کیا گیا۔ اب عاقب جاوید کو پی سی بی میں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔

مائیک ہیسن کی بطور ہیڈ کوچ پہلی اسائمنٹ بنگلہ دیش کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز ہوگی، جو رواں ماہ کے آخر میں شیڈول ہے۔ فی الوقت ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے اعلان تاحال باقی ہے۔

Comments (0)
Add Comment