امید ہےکہ بھارت اور پاکستان جنگ بندی برقرار رکھیں گے ، وزارت خا رجہ
بیجنگ (ویب ڈیسک) چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیئن نےیومیہ پریس کانفرنس میں بھارت اور پاکستان کے درمیان فائر بندی پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے بنیادی اور طویل مدتی مفادات کے مطابق ہے، علاقائی امن و استحکام کے لئے فائدہ مند ہے اور بین الاقوامی برادری کی عام توقعات کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اس کی حمایت اور خیرمقدم کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدہ صورتحال کے آغاز ہی سے چین نے متعلقہ فریقوں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا اور دونوں ممالک سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ۔انہوں نے کہا کہ چین توقع رکھتا ہے کہ بھارت اور پاکستان جنگ بندی برقرار رکھیں گے اور دوبارہ کشیدگی سے گریز کرتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے اختلافات کو حل کرنے کی سیاسی راہ پر واپس آئیں گے ۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین بھارت اور پاکستان کے ساتھ روابط برقرار رکھنے اور ان کے مابین مکمل اور مستقل جنگ بندی کے حصول نیز علاقائی امن و استحکام کے لئے تعمیری کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔