چین اپنی خود مختاری اور قومی وقار کی حفاظت کرنے میں پاکستان کی حمایت کرتا ہے، چینی وزیرخارجہ
بیجنگ (ویب ڈیسک) چینی وزیرخارجہ وانگ ای نے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فونک گفتگو کی ۔اسحاق ڈارنے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی تازہ ترین صورتحال سے چینی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا اور کہا کہ اس صوتحال میں پاکستان کی جانب سے احتیاط برتی جائے گی لیکن پاکستان کی خودمختاری اور سرزمین کی سلامتی کی خلاف ورزی پر جوابی کاروائی کی جائے گی۔اسحاق ڈار نے چین کی جانب سے فائر بندی کے حصول کے لیے کی جانے والی کوششوں پر چین کا شکریہ ادا کیا ۔
وانگ ای نے کہا کہ چین اپنی خود مختاری اور قومی وقار کی حفاظت کرنے میں پاکستان کی حمایت کرتا ہے اوراسے یقین ہے کہ پاکستان اس صورتحال کا تحمل سے سامنا کرے گا اور ایسے فیصلے کرے گا جو اس کے بنیادی اور طویل مدتی مفادات کے مطابق ہوں۔انہوں نے کہا کہ ایک بار فائر بندی ہونے پر اس پر مشترکہ طور پر عملدرآمد ضروری ہے تاکہ دوبارہ جنگ کی صوتحال نہ بنے ۔چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی انسداد دہشتگردی کی کوششوں میں اول صف میں ہے ، دہشتگردی سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور چین پاکستان کی انسداد دہشتگردی کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔وانگ ای کا کہنا تھا کہ موجودہ کشیدہ صورتحال میں یقین ہے کہ پاکستان،ملک میں چینی شہریوں اور اداروں کی سلامتی کو یقینی بنائے گا۔
اسی روز وانگ ای نے بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول سے بھی فون پر بات چیت کی۔ ڈوول نے کہا کہ جنگ نہ ہی بھارت کا انتخاب ہے اور نہ ہی کسی فریق کے مفاد میں ہے ۔ بھارت اور پاکستان فائر بندی جاری رکھنے کی کوشش کریں گے اور توقع ہے کہ خطے میں جلد ہی امن و استحکام قائم ہو گا۔وانگ ای نے بھارت کے اس بیان کو سراہا کہ جنگ بھارت کا انتخاب نہیں ہے اور بھارت اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کے ذریعے مکمل اور مستقل فائربندی کے حصول کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھارت اور پاکستان کے بنیادی مفادات کے مطابق اور بین الاقوامی برادری کی مشترکہ خواہش بھی ہے۔