عجائب گھر کا تین پہلوؤں میں قیمتی کردار

0

بیجنگ (ویب ڈیسک)18 مئی کو بین الاقوامی عجائب گھر کا دن منایا جاتا ہے،رواں سال کا موضوع ہے: "تیزی سے بدلتے ہوئے معاشرے میں عجائب گھروں کا مستقبل”۔ یہ موضوع ایک سوال اٹھاتا ہے کہ جدید ڈیجیٹل دور میں، تہذیبی ورثے کے محافظ اور ثقافتی مکالمے کے مرکز کے طور پر عجائب گھر وقت کے ساتھ ہم آہنگی کیسے پیدا کریں گے اور جدید انسان کے لیے روحانی پناہ گاہ کا کردار کیسے ادا کریں؟اس سوال کے جواب میں ہم عجائب گھروں کی اہمیت کو تین جہتوں سے دیکھ سکتے ہیں۔سب سے پہلے ،نوجوان نسل میں مقبول اصطلاح "جذباتی قدر” ایک کنجی بن سکتی ہے۔چین کے سان شنگ ڈوئی ثقافتی ورثے کے کانسی کے ماسک آج کل سوشل میڈیا پر ایموجی کی صورت میں وائرل ہوئے ہیں۔

ڈون ہوانگ میں فریسکو کو آئس کریم کی شکل میں بنایا گیا ہے ، جبکہ دیگر عجائب گھر وں نے نائٹ ٹور کے پروگرام پیش کیے ہیں۔ان تمام اقدامات سے عجائب گھر نوجوانوں کو تخلیقی انداز میں تاریخی کہانیاں بیان کر رہے ہیں جس سے لوگوں کو آثار قدیمہ کی مقبولیت سے جذباتی قدر ملتی ہے۔ جذباتی سہارا فراہم کرتے ہوئے، عجائب گھروں کی اقتصادی قدر روزبروز نمایاں ہوتی جارہی ہے۔ عجائب گھروں کی نوادرات کی بنیاد پر بننے والی فلمیں اور گیمز کامیابی حاصل کر رہی ہیں، جس سے عجائب گھروں کی معیشت کو فروغ ملا ہے۔ "بلیک متھ: وُوکھونگ” نے لوگوں کو قدیم عمارتوں کی جانب متوجہ کیا، بدھ مت کے ایک خوبصورت مجسمے نے ایک شہر کی سیاحتی رونق میں اضافہ کیا، اور نوادرات سے متاثر فریج میگنٹس سیاحوں میں بہت مقبول ہو رہے ہیں۔

تاریخی ذخائر کے حامل عجائب گھر مسلسل نئی تخلیقات پیش کر رہے ہیں اور ثقافتی اخراجات کے نئے انداز ابھر کر سامنے آ رہے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق، 2025 میں "لیبر ڈے” کی قومی تعطیلات کے دوران چین کے تمام عجائب گھروں میں 60.49 ملین سے زیادہ وزٹس ریکارڈ کیے گئے ، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 17 فیصد کا اضافہ ہے۔ اور اسی طرح ، جشن بہار کی تعطیلات کے دوران روزانہ ایک کروڑ سے زیادہ وزٹس ہوئے ۔ یہ ثابت کرتا ہے کہ عجائب گھر صرف تہذیبی ورثے کے محافظ نہیں ، بلکہ یہ اندرونی طلب اور مقامی ترقی کو فروغ دینے والے اقتصادی انجن بھی بن سکتے ہیں۔بیشک، عجائب گھروں کی سب سے بنیادی قدر تہذیبی ورثے کی حفاظت اور جدت کے فروغ میں ہے۔

چین کے حہ موڈو سائٹ میوزیم میں محفوظ کاربنیائزڈ چاول زراعت کی قدیم تاریخ کی تہذیب بیان کرتے ہیں۔ ہائی ہون ہو کے مقبرے میں بانس کی تختی قدیم حکمرانی کی حکمت کو بیان کرتی ہے، اور مو گاؤ کھوغار کی دیواروں پر فریسکوز قدیم شاہراہ ریشم کی رونق کو اجاگر کرتی ہیں۔ ہزاروں سال کی تہذیب کے نقش قدم "ہم کہاں سے آئے ہیں” کے حتمی سوال کا جواب فراہم کرتے ہیں۔ عجائب گھروں کا مشن صرف ماضی کو محفوظ کرنا نہیں، بلکہ مستقبل کو متحرک کرنا بھی ہے۔ ڈیجیٹل آرکیالوجی اور نوادرات کی مرمت کی جدید تکنیکوں کے ذریعے ہم انتہائی نایاب مہارتوں کو نئی زندگی دیتے ہیں، اور قدیم خزانوں کو تخلیقات کی لائبریری میں تبدیل کرتے ہیں۔

آج جب دنیا اختلافات و تنازعات کا سامنا کر رہی ہے ، عجائب گھروں کی عملی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ ہو چکی ہے۔ گندھارا آرٹ پاکستان اور چین کے باہمی تعاون سےجگمکا رہا ہے، اور چین کی لینگ چو میں عبادت کے لیے جید سے بنے سامان اوروسطی اور جنوبی امریکی ممالک کی مایا تہذیب کے اہرام کو قدیم تہذیبوں کی نمائش میں ایک ساتھ پیش کیا جاتا ہے، جو ہمیں بین الثقافتی مکالمے کا پیغام دیتاہے: ہمیں دوستانہ دل کے ساتھ ثقافتی باہمی سیکھنے کو فروغ دینا چاہیئے ، اور جدت کی طاقت کے ذریعے روایت کی حکمت کو بروئے کار لانا چاہیئے،تاکہ انسانیت بہتر مستقبل کی طرف گامزن ہو سکے۔

جذباتی احساس سے لے کر اقتصادی سرگرمی تک،پھر تہذیب کی وراثت سے باہمی سیکھنے تک، عجائب گھر ہمیشہ انسانی روح کی روشنی کا ذریعہ رہے ہیں۔ تیز رفتار تبدیلی کے اس دور میں، یہ ماضی سے ملنے والے کیپسول کے ساتھ ساتھ مستقبل کی سمت رواں ایک ثقافتی جہاز بھی ہیں۔ ہم نوادرات کی بصیرت میں تہذیب کی گہرائی، وقت کی لمبائی، اور دنیا کی وسعت کو بہتر انداز میں سمجھیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.